ادب زندگی ہے

Adabi Mahaz Jan to March 24, سہ ماہی ادبی محاذ جنوری تا مارچ 2024

Adabi Mahaz Jan to March 24, سہ ماہی ادبی محاذ جنوری تا مارچ 2024
Adabi Mahaz Jan to March 24, سہ ماہی ادبی محاذ جنوری تا مارچ 2024

Wednesday, September 12, 2018

نامِ کتاب۔ ناگپور میں اردو شاعری (تحقیقی مضامین) مصنف۔ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل مبصر۔سعید رحمانی

نامِ کتاب۔  ناگپور میں اردو شاعری         (تحقیقی مضامین)
 مصنف۔ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل       مبصر۔سعید رحمانی



اردو زبان وادب کے حوالے سے ناگپورایک زرخیز خطہ ہے۔اٹھارویں صدی سے یہاں اردو فارسی زبان کی آبیاری ہو تی آ رہی ہے۔ یہاں کے قلم کاروں نے شعروادب کے علاوہ تنقید‘تحقیق‘ڈراما‘افسانہ‘ناول‘انشائیہ اور اطفال ادب میں اپنی تحریروں سے گرانقدر اضافہ کیا ہے۔انھیں قلم کاروں میں ڈاکٹر شرف الدین ساحل ایک ہمہ جہت قلم کار کی حیثیت ست مستحکم شناخت رکھتے ہیں۔تقریباًچھ دہائیوں پر محیط اپنے ادبی سفر کے دوران آپ نے اپنی بصیرت اور بصارت کے جو چراغ روشن کئے ہیں اردو دنیا ہمیشہ ان سے منور ہوتی رہے گی۔۱۹۸۳ء؁ سے ان کی تصنیفات کی اشاعت کا آغاز ہوتا ہے۔تب سے اب تک شاعری میں ۹؍تحقیق و تنقید کے باب میں ۱۶؍ تاریخ و تدوین کے باب میں ۳؍شرح و تفہیم کے باب میں ۶؍ اور متفرق موضوعات پر ۴؍مجموعے شائع ہو کر پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔اس طرح تقریباً ۳۲؍ مجموعوں کے ذریعہ انھوں نے اردو ادب کے ذخیرے میں گراں قدر اضافہ کیا ہے۔ان کی پہلی تحقیقی کتاب ’’ناگپور میں اردو‘‘۱۹۷۴ء؁ میں شائع ہوئی تھی جس پر انھیں پی ایچ ڈی کی سند تفویض کی گئی ۔بعد میں اضافہ کے ساتھ یہی کتاب۲۰۱۲ء میں ’’ناگپور ۔سیاسی تاریخ کے تناظر میں‘‘کے نام سے شائع ہوئی۔
زیر نظر مجموعہ ناگپور میں اردو شاعری کا ایسا وسیع منظر نامہ پیش کرتی ہے جس سے وہاں مختلف اصناف میں ہوئی پیش رفت کا پتہ چلتا ہے ۔تقدیسی شاعری کے علاوہ مثنوی‘قصیدہ‘مرثیہ نگاری‘غزلیہ شاعری‘نظم نگاری‘ طنز و مزاح‘بچوں کی شاعری‘رباعیات‘قطعات جیسی اصناف پر تنقیدی نظر ڈالی گئی ہے۔ ان اصناف کے مطالعہ سے صاف ظاہر ہے ناگپور کے قلم کاروں کی پیش کی گئی تخلیقات نہ صرف معیاری اور وقیع ہیں بلکہ ناگپور کو اردو کا ایک معتبر دبستان کی حیثیت دینے میں بھی معاون ہیں۔ناگپور میں شاعری کی پیش رفت کے حوالے سے یہ کتاب بلا شبہ ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔اس کی دستاویزی حیثیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا جو تحقیقی اسکالروں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہو گی۔ اس گراں قدر کتاب کی قیمت صرف ۱۴۲؍ روپے اور ملنے کا پتہ۔ساحل کمپیوٹرس۔حیدری روڈ۔مومن پورہناگپور۔440018(مہاراشٹر)

No comments:

Post a Comment

Popular Posts

Popular Posts