نام کتاب:شاخ گل (طفلی نظموں کا مجموعہ)
شاعر:احمد امام مبصر ۔سعید رحمانی
شاعر:احمد امام مبصر ۔سعید رحمانی
نئی نسل کے شعرا میں احمد امام کو نمایاں مقام حاصل ہے۔خصوصاً ان کی غزلیہ شاعری تیکھے لب و لہجہ میں انفرادیت کی حامل نظر آتی ہے۔گزشتہ چار دہائیوں سے شعری سفر جاری ہے۔اس دوران چار مجموعے منظر عام پر آکر پذیرائی حاصل کر چکے ہیں ۔پہلے دو مجموعے اکتساب اور الہام غزلوں پر مشتمل ہیں جب کہ شاخِ گل اور لائف لائین طفلی نظموں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
غزلیہ شاعری میں جہاں انھوں نے اپنی انفرادیت بر قرار رکھی ہے اسی طرح طفلی نظموں میں بھی انھوں نے اپنی ہنرمندی کا ثبوت پیش کیا ہے۔ شاخ گل کا پہلا اڈیشن ۲۰۰۷ء میں شائع ہوا تھا جس کی ہر طبقہ میں پذیرائی ہوئی تو یہ دوسرا اڈیشن اسی سال اکتوبر میں منظر عام پر لے آئے۔ کسی بھی کتاب کا دوسرا اڈیشن اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کتاب دلچسپ ہونے کے علاوہ افادیت کی بھی حامل ہے۔ بچوں کے ذوق کو پیش نظر رکھتے ہوئے انھوں نے رنگین کاغذ پر رنگ برنگے لفظوں میں اپنی نظمیں پیش کی ہیں۔۸۰؍صفحات کو محیط کل ۴۷؍نظمیں مختلف موضوعات پر شامل کی گئی ہیں۔یہ موضوعات بچوں کے لئے نہ صرف دلچسپ ہیں بلکہ انھیں صالح قدروں کو اپنانے کی
ترغیب بھی دیتے ہیں اور ان کی معلومات میں اضافہ کا باعث بھی ہیں۔مثلاًحمد کے بعد اولین نظم ’’میٹھی باتیں‘‘جہاں میٹھی باتوں کی ترغیب دیتی ہے وہیں گفتگو کے آداب بھی سکھاتی ہے۔اسی طرح نظم ’’علم کی روشنی‘‘بچوں کو علم حاصل کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔اس کا ایک شعر ہے ؎
علم جس کے پاس ہے دھنوان ہے۔علم سے ہی آدمی کی شان ہے
علم کے تعلق سے انھوں نے متعدد نظمیں کہی ہیں۔ان کے علاوہ ہندوستانی موسموں ‘جانوروں اور سواریوں پر بھی بڑی دلچسپ نظمیں شامل ہیں۔ان روایتی
موضوعات کے ساتھ ساتھ انھوں نے عصری تقاضوں کو بھی پیش نظر رکھا ہے اور عصر حاضر کی نئی ایجادات کو موضوعِ سخن بنا کر بچوں کی معلومات میں اضافہ کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ان ایجادات میں کیلکو لیٹر‘موبائل فون‘ ہوائی جہاز‘ کمپیوٹر وغیرہ پر بڑی خوبصورت نظمیں ہیں۔یہ ایسے موضوعات ہیں جو اس نئے زمانے کے بچوں کے لئے نہ صرف دلچسپی کا محور بنیں گے بلکہ ان کی سوچ کو تحریک بھی دیں گے۔ چونکہ احمد امام درس و تدریس کے پیشہ سے منسلک ہیں اس لئے وہ بچوں کی نفسیات سے پوری طرح واقف ہیں ۔بچوں کی پسند اور نا پسند کا علم رکھتے ہیں اور ایسی زبان استعمال کرتے ہیں جو ان کی استعداد کے عین مطابق ہے۔سلاست اور سادگی کے ساتھ یہ نظمیں سبق آموز بھی ہیں جو یقینا بچوں کی ذہنی و اخلاقی تربیت کا باعث ہوں گی ۔مختصراً یہ کہ ’’شاخ گل‘‘کو طفلی ادب میں اضافہ ہی کہا جا سکتا ہے اور یقین ہے کہ بچے اس کا مطالعہ شوق سے کریں گے۔قومی کونسل فروغ اردوزبان کے مالی تعاون سے شائع اس کتاب کی قیمت ۶۳؍روپے اور شاعر کا پتہ ہے:چوڑی محل۔بالاپور۔ضلع اکولہ۔444306(مہاراشٹر)
No comments:
Post a Comment